شہر بھر میں چھاپے ، لاکھوں روپے کی منشیات، ڈیزل اور کیمیکل ضبط

0

نئی نسل منشیات ترک کرے ، کسٹم ہاؤس میں عامر تھہیم اور محمد فیصل کی پریس کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کسٹم کلکٹریٹ پریونٹیو کے شعبے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن (اے ایس او) نے بتایا ہے کہ شہر بھر میں چھاپوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی منشیات، ڈیزل اور کیمیکل ضبط کرلیے گئے ۔ ان میں 130 کلو شیشہ تمباکو بھی شامل ہے ۔ ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز عامر تھہیم اور ڈپٹی کلکٹرکسٹمز شعبہ اینٹی اسمگلنگ محمد فیصل نے کسٹمز ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خفیہ اطلاع پر ایمپریس مارکیٹ اور ڈینسو ہال کے ہول سیلرز کی دکانوں پر چھاپے مارے گئے ۔ 130 کلو شیشہ تمباکو ضبط کرکے پانچ دکانیں سربمہر کردی گئیں۔ نشہ آور اشیائکی ترسیل کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔ سخت سزائیں بھی تجویز کردی گئی ہیں۔ انہوں نے نئی نسل پر زور دیا کہ وہ نشہ آور اشیا ء کا استعمال ترک کر دے کیوں کہ اس میں ایک طرف تو جان کا زیاں ہے اور دوسری طرف پورا خاندان بھی متاثر ہوتا ہے اور مجموعی طور پر پورے معاشرے کو منفی اثرات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے سائٹ کے علاقے میں حبیب بینک چورنگی کے نزدیک گودام پر چھاپہ مار کر دو ہزار لیٹر پٹرولیم کیمیکل اور 17ہزار لیٹر ڈیزل بھی ضبط کر لیا۔ کسٹم حکام کے مطابق پٹرولیم کیمیکل کی مالیت ایک لاکھ 31 ہزار اور ڈیزل کی مالیت 16 لاکھ 61 ہزار سے زائد ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.