روئی :گزشتہ ہفتے کاروباری حجم میں اضافہ،بھاؤ میں استحکام رہا

0

منی بجٹ کے بعد خریداری کی پوچھ گچھ شروع،اسپننگ ملز میں اسٹاک بڑھ رہا ہے
صوبہ سندھ وپنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 7000تا 8800 روپے ریکارڈ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)مقامی کاٹن مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے کے دوران روئی کے بھاؤمیں مجموعی طور پر استحکام رہا جبکہ کاروباری حجم میں نسبتاً اضافہ ہوا ہے ۔منی بجٹ کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں خریداری کی پوچھ گچھ دوبارہ شروع ہوگئی ہے ،جنرز کے پاس کپاس کا اسٹاک نسبتاً کم ہوتا جا رہا ہے ۔صوبہ سندھ وپنجاب میں روئی کا بھاؤ فی من 7000 تا 8800 روپے جبکہ پھٹی کا بھاؤ فی 40کلو3000تا 3800روپے رہا۔ بلوچستان میں روئی کا بھاؤ فی من 8200روپے پھٹی کا بھاؤ3200تا 3700 روپے رہا۔ کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی اسپاٹ ریٹ کمیٹی نے ریٹ فی من 8700روپے کے بھاؤ پر مستحکم رکھا۔کراچی کاٹن بروکرز فورم کے چیئرمین نسیم عثمان نے بتایا کہ منی بجٹ کے اعلان کے بعد مارکیٹ میں روئی کی خریداری کچھ حد تک بڑھ گئی ہے۔ کاٹن یارن کے کاروبار میں بھی پوچھ گچھ شروع ہوئی ہے لیکن مجموعی طور پر اسپننگ ملز میں کاٹن یارن کا اسٹاک بڑھتا جا رہا ہے کچھ ملیں ایک دو شفٹ بند کرنے پر مجبور ہوئی ہیں تاہم فی الحال اوپن اینڈ ملز کے کاٹن یارن کی ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے کاروبار نسبتاً اچھا چل رہا ہے ۔ چین اور امریکا کا اقتصادی تنازع ابھی تک حل نہ ہونے کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بھی کاروبار متاثر ہو رہا ہے ۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.